منگلور4؍جنوری (ایس او نیوز) گزشتہ ۲۵برسوں سے خلیجی ملک قطر میں رہ کر ملازمت کرنے کے بعد اپنی جمع پونجی کے ساتھ وطن لوٹنے والے آسٹین نورونھا (۵۵سال)نے اس وجہ سے پھانسی لگاکر خودکشی کرلی کیونکہ گھر وں کی تعمیر کرنے کے نام پر ایک شخص نے اسے دھوکہ دیا تھا۔
آسٹین نورونھا منگلورو کے وامنجور کا رہنے والا تھا۔ اس نے ایک دن پہلے فیس بک پر اپنی درد بھری کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ تین افراد نے زمین خرید کر گھر تعمیر کرنے کا کاروبار شروع کرنے کے نام پر اس سے 20لاکھ روپوں سے بھی زیادہ کی رقم حاصل کی تھی اوروہ لوگ رقم واپس نہیں لوٹارہے تھے۔ کاروبار کے نام پر دھوکہ دہی سے وہ پائی پائی کا محتاج ہوگیا ہے اور اس کے گھر والوں کو فاقہ کشی کرنی پڑ رہی ہے۔اس نے ان تین افراد کے نام اور ٹیلی فون نمبر بھی بتادئے، جنہوں نے مبینہ طور پر اسے دھوکہ دیا تھا۔
منگلورو مضافاتی پولیس نے کیس درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔